پی سی بی ، پی ایس ایل کے الگ الگ چیئرمین لگانے کا فیصلہ، ذاکر خان مضبوط امیدوار

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+نوائے وقت رپورٹ) سپرلیگ اور پی سی بی کے الگ الگ چیئرمین ہونگے، ذاکر خان سربراہ پی ایس ایل کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے۔ حکومتی تبدیلی آنے کے بعد کرکٹ بورڈ بھی تبدیلی آچکی ہے جبکہ مزید تبدیلیاں بھی جلد متوقع ہے۔ کرکٹ بورڈ سے اب نجم سیٹھی چلے گئے جس کے بعد پی سی بی میں ’’پروفیشنل ازم‘‘ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیا سربراہ کرکٹ بورڈ اب سپر لیگ کا ’’چیئرمین‘‘ نہیں ہوگا۔ پی سی بی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ سپر لیگ اور پی سی بی کے الگ الگ چیئرمین ہونگے۔ نجم سیٹھی کے ادوار میں دونوں عہدے چئیرمین پی سی بی خود سنبھالتے رہے۔ ذاکر خان چیئرمین پاکستان سپر لیگ کی دوڑ مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آگئے ہیں اور فرنچائزز نے بھی ذاکر خان پر اتفاق کیا ہے جبکہ پی سی بی اعلی افسران کا ذاکر خان پر اظہار اعتماد کیا ہے۔4 ستمبر کو کرکٹ بورڈ کے سربراہ عہدہ سنبھالنے پر اہم اعلانات کرینگے۔سپرلیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس بھی جلد بلانے پر اتفاق پا گیا ہے۔ پاکستان سپرلیگ کی گورننگ کونسل کا گزشتہ ہفتے ہونیوالا اجلاس ملتوی کردیا گیا، تاہم اب چار ستمبر کو نئے چیئرمین کے انتخاب کے بعد سپرلیگ کے حوالے سے بھی بڑے اعلانات کیے جائیں گے۔ سپرلیگ گورننگ کونسل کا اجلاس ستمبر کے دوسرے ہفتے متوقع ہے جس میں تمام فرنچائزز کے مالکان شریک ہونگے۔ دوسری جانب سپرلیگ فرنچائزز نے ذاکر خان کے نام پربطور سپرلیگ چیئرمین اظہار اعتماد کیا ہے، پی ایس ایل ٹیم آنرز کی جانب سے گرین سگنل آگیا ہے جس کے بعد ذاکر بطور سپرلیگ چیئرمین مضبوط امیدوار بنے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور ان کی فیملی نے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان، سینئر کرکٹ آرگنائزر جاوید زمان خان، عمر فاروق گولڈی شریک تھے۔ ڈومیسٹک اور کلب کرکٹ کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے سابق کرکٹرز اور ان کی فیملی سے خوشگوار موڈ میں گپ شپ کی۔

ای پیپر دی نیشن