لاہور(خصوصی نامہ نگار )جمعیت علماء پاکستان سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادرنے کہا ہے کہ حکومت نے توہین آمیز خاکوں پر جرأت مندانہ مؤقف اختیار کرکے عاشقان رسول ﷺ کے دل جیت لیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششیں اس سلسلہ میں قابل قدر ہیں ۔ وزیر اعظم عالم اسلام میں قائد انہ رول ادا کریں مسلم ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ میں مضبوط مؤقف اختیار کریں اور اقوام عالم کو اس مسئلہ کی اہمیت سمجھائیں اور منوائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر گستاخان رسول اور اسلام دشمن قوتوں نے اپنی روش نہ بدلی تورسول اللہﷺ کے غلام اپنا فریضہ ادا کریں گے۔نبی کریمﷺ کی ناموس کی حفاظت ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ہم اپنا تن ،من ،دھن سب کچھ قربان کرکے ناموس رسالت کی حفاظت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ دنیا میں امن باہمی احترام ، احترام مذہب اور رسول اکرم ﷺ کی ناموس کے احترام سے قائم رہ سکتا ہے اگردشمنان اسلام نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو آئندہ عالمی جنگ رسول اکرمﷺ کی محبت پر لڑی جائے گی ۔