کشمیر کی عظیم مائیں 72 سال سے تحریک آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں: سراج الحق

Sep 01, 2019

لاہور (اسپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ ہم کشمیر کی ان عظیم مائوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنے بیٹوں کو قربان کیا ۔ کشمیری مائوں ، بہنوں ، بیٹیوں کی عظیم قربانیوں سے ہی مقوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک آگے بڑھ رہی ہے اور ہندوستان کے ظلم و جبر کے سامنے کشمیری پہاڑ کی طرح کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شورٰی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی بھی موجود تھیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی جس طرح تحریک پاکستان میں خواتین کا نمایاں کردار تھا اسی طرح کشمیر کی جدوجہد آزادی میں خواتین نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اور وہ بھارتی مظالم کے باوجود جرأت و استقامت سے کھڑی ہیں اور 72 سال سے آزادی کی تحریک کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے خواتین کو اپنے محاذ پر جدوجہد کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ دریں اثناء جماعت اسلامی آج کراچی میں کشمیر بچائو مارچ کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کشمیر مارچ کی قیادت کریں گے۔ کشمیر مارچ میں ملک کی معروف مذہبی سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔کشمیر مارچ ملک کا نمائندہ اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ ہوگا۔

مزیدخبریں