بھارتی حکومت کادس مختلف بینکوں کو ضم کرکے چار کرنے کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی) بھارتی حکومت کا سرکاری بینکوں کو مستحکم کرنے کے لیے بڑا اقدام، دس مختلف بینکوں کو ایک دوسرے میں ضم کرکے تعداد چار کرنے کا اعلان کردیا، اس منصوبے کے تکمیل سے سرکاری بینکوں کی تعداد کم ہوکر 12 رہ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ اورینٹل بینک آف کامرس اور یونائٹڈ بینک کا پنجاب نیشنل بینک میں انضمام،کینرا بینک میں سنڈیکیٹ بینک اور الہ آباد بینک کا انڈین بینک میں انضمام کیا جائے گا اسی طرح یونین بینک کے ساتھ آندھرا اور کارپوریشن بینکس کا انضمام ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ انضمام کے اس عمل کے مکمل ہونے پر ملک میں سرکاری بینکوں کی تعداد گھٹ کر بارہ رہ جائے گی جن میں سٹیٹ بینک آف انڈیا، بینک آف بڑودا، پنجاب نیشنل بینک، کینرا بینک‘یونین بینک، انڈین بینک، بینک آف انڈیا، سنٹرل بینک آف انڈیا، انڈین اورسیز بینک، پنجاب اینڈ سندھ بینک، بینک آف مہاراشٹر اور یوکو بینک شامل ہوں گے، تاہم انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ انضمام کے باوجود بینک ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل سال 2017ء میں مودی حکومت نے سٹیٹ بینک آف انڈیا میں اس کے پانچ ملحقہ بینکوں کا انضمام کیا تھا، اس کے بعد وجیہ بینک اور دینا بینک کا بینک آف بڑودا میں انضمام کیا گیا۔یاد رہے کہ 2017ء کے دوران بھارت میں 27 سرکاری بینک تھے۔

ای پیپر دی نیشن