راولپنڈی (نیٹ نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انتظامیہ نے آپریشنل لاگت میں کمی کرنے کے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ تقریباً ایک ہزار اضافی ملازمین کو فارغ کر دیا۔ صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے یہ بات وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک نے ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ کو پی آئی اے میں بہتر مینجمنٹ اور دستیاب مالی و انسانی وسائل کا موثر استعمال کرتے ہوئے آپریشنل لاگت کم کرنے اور ریونیو میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے۔ متعدد اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پی آئی اے کو خود انحصاری، پائیدار بزنس پلان کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ قومی ایئرلائن موثر طریقے سے اپنے وسائل کا استعمال کرے اور کارکردگی اور مالیاتی نظم و ضبط یقینی بناتے ہوئے آمدن بہتر کرے۔ مشیر خزانہ نے قومی ایئر لائن کی مشکلات پر قابو پانے اور بزنس معاملات اور فلائٹ آپریشنز میں استحکام حاصل کرنے کے لیے قابلِ عمل اور خود مختار کارپوریٹ پلان کی ضرورت پر زور دیا۔
آپریشنل لاگت میں کمی کیلئے پی آئی اے کے اضافی 1000 ملازمین فارغ
Sep 01, 2019