لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی اپنے ناپاک عزائم پورا کرنے کیلئے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیر میں ظالم بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف پاکستان کے 22 کروڑ عوام معصوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں او راس کا ثبوت پوری قوم نے گذشتہ روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر آکر کیاہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا ہے اور وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران بھی مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار الحمراء آرٹ گیلری میں ایک تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نمائش میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے، جسے ابھارنے کیلئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وزارت اطلاعات و ثقافت اپنا کردار ادا کرے گی۔ صوبے میں 6 نئی یونیورسٹیاں اور نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں جن سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انسپکٹر لیس رجیم لایا جار ہا ہے، جس سے صنعت کارو ں اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں ملیں گے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور غریب ترین لوگو ں کو ریلیف کی فراہمی کے اقداما ت کے لئے قائم کمیٹی کا تیسرا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ فیئر پرائس فوڈ شاپس کے قیام کے ماڈل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ عام آدمی او رکمزور طبقات کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ مصنوعی مہنگائی کے شکار غریب طبقات کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مسلسل تیسرے روز بھی مشاورت کی گئی ۔ پروگرام کو جلد حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد کیاجائے گا -میاں اسلم اقبال نے کہاکہ کسانو ں کو ماڈل بازاروں میں اپنی اجناس براہ راست لانے کی رسائی بھی دی جائے گی۔ انہو ں نے کہاکہ سابق ادوار میں سبسڈی کی مد میں اربوں کھربوں روپے اڑا دیئے گئے جبکہ ہماری حکومت وسائل کی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائے گی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ان کی شخصیات میں نکھار لایا جا سکتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ہر شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستانیوں نے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار انجمن مدرسۃ البنات کے زیرانتظام عباس کالج آف ٹیکنالوجی اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ٹائی کوانڈو کی سالانہ تقریبات تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ چیئر پرسن بورڈ آف گورنرز چلڈرن لائبریری کمپلیکس مریم کھوکھر نے صوبائی وزیر کو سووینئر پیش کی۔