اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے آصفہ بھٹو زرداری کو پمز ہسپتال میں اپنے والد سے ملنے سے روکنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری کیساتھ پمز میں بدتمیزی کرنے والے عملے کیخلاف انکوائری کرا کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کسی بیٹی کو اپنے بیمار والد سے ہسپتال میں ملنے سے روکنا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ انہوں نے کہا عدالتی اجازت نامے کے باوجود آصفہ بھٹو کو والد سے ملنے سے روکنا عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے،اوچھے ہتھکنڈوں سے ظاہرہو رہا ہے کہ حکومت آصف زرداری کیخلاف انتقام پراتر آئی ہے۔انہوں نے چیف کمشنر کو احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو اور وکلاء کیساتھ بدتمیزی کرنے والے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
آصفہ بھٹو کیساتھ پمز میں بدتمیزی کی انکو ائر ی کی جائے،رحمن ملک
Sep 01, 2019