لاہور( خصوصی نامہ نگار) لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132سے پی ٹی آئی کے نائب صدراور آزاد امیدوارچوہدری شبیر احمد نے مسلم لیگ ہاؤس میں لیگی رہنما طلحہ عثمان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹرکامل علی آغا سے ملاقات کرکے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ چوہدری شبیر احمد نے شمولیت کے موقع پر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پرویز الہٰی کا دور دوبارہ دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت میں واحد جماعت ہے جو قائداعظمؒ کے اصولوں پر چل کر پاکستان کی ترقی اور سلامتی کی ضامن ہے۔ اس موقع پرسینیٹرکامل علی آغا نے کہا کہ مسلم لیگ کے دروازے سب ساتھیوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں ہم نئے شامل ہونے والوں کا فراخدلی سے استقبال کرینگے ۔ان کی شمولیت سے مسلم لیگ فعال و مضبوط ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی آمد آمد ہے پاکستان مسلم لیگ نے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقہ سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے کارکنوں کے ساتھ ساتھ نئے شامل ہونے والے بھی عوام رابطہ مہم شروع کرکے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں۔