کابل +فیض آباد(شِنہوا)افغانستان کے صوبے فریاب میں تازہ فضائی کارروائی میں 11طالبان ہلاک ہو گئے جبکہ مختلف صوبوں میں 24گھنٹوںکے دوران 40جنگجو مارے گئے۔ افغان صوبے فریاب میں افغان فوج کی فضائی کارروائی میں 11 طالبان ہلاک ہوگئے، افغان فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فضائی کارروائی ضلع قرمہ قل میں کی گئی جہاں طالبان کا کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔علاوہ ازیںافغانستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 جنگجو ہلاک ہوئے۔ ضلعی گورنر محبوب اللہ سیدی نے بتایا شمالی صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب طالبان کے ٹھکانے پرفضائی حملہ میں 5 طالبان مارے گئے۔صوبائی پولیس کے ترجمان محمد کریم یورش نے بتایا کہ شمالی صوبہ فریاب کے اضلاع اندخوئی ، کرگان اور خواجہ سبزپوش کے مجموعی طور پر 37 دیہات کو بھی جنگجوؤں سے پاک کر دیا گیا ہے۔جس میں طالبان کو 18 نعشیں چھوڑ کر پسپا ہونا پڑا اور ان کے 10 جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔مقامی سیکورٹی حکام کے مطابق ملک بھر میں کم از کم 17 مزید جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔