لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں یوم عاشور ملک بھر میں، نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ عزاداران نے نوحہ خوانی، ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کر کے حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مرکزی و قدیمی مسجد و امام بار گاہ لال پل مغل پورہ، جوہر ٹاؤن اور امام بارگاہ منہاج الحسین میں مجلس شام غریباں کا اہتمام کیا گیا۔ علامہ پروفیسر رضوان ترابی نے کربلامیں اہل بیت کو پیش آنے والے مصائب کا بیان کیا۔ ذاکر غیور عباس نقوی نے بھی مصائب اہل بیت بیان کئے۔ عزاداروں نے غم حسین میں گریہ زاری اور ماتم داری کی۔ اس موقع پر نواسہ رسولؐ کے غم میں ہر آنکھ اشکبار تھی۔ امام بارگاہ گلشن زھراء بھیکے وال موڑ میں شام عریباں منعقد ہوئی، جس میں ذاکرین اہل بیت کی جانب سے سوزوسلام پیش کیا گیا۔ علامہ امجد رضا جوہری نے خطاب کیا۔ سید مظعین عباس کاظمی نے مصائب اہل بیت بیان کئے جبکہ علامہ امجد علی عابدی نے شبیہ ذوالجناح برآمد کرایا۔ یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کی وجہ سے شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کے روایتی راستوں کو خاردار تار اور بیریئر لگا کر مکمل بلاک کیا گیا۔
ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا
Sep 01, 2020