اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے قومی معیشت کے فروغ اور غربت میں کمی لانے میں نمایاں مدد ملے گی، موجودہ حکومت کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی گئی۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان چین سمیت ہمسایہ دوست ملکوں کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے سے پاکستانی عوام کی فلاح وبہبود پر سماجی واقتصادی فوائد مرتب ہوں گے۔ سی پیک کے بنیادی منصوبوں میں سے 40 فیصد بلوچستان میں مکمل کئے جارہے ہیں۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق حکومت سی پیک کے تحت بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان اور باالخصوص بلوچستان کے عوام کو سی پیک منصوبوں میں خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے اور ملکی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔