جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ آئندہ موسم سرما اور خزاں میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنا مزید چیلنجنگ ہو جائے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق چانسلر نے جرمنی کی 16وفاقی ریاستوں کے سربراہان کے کورونا وائرس کی نئی لہر سے بچنے کے لیے نئے احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کے بیان پر موسم گرما کی سالانہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ موسم گرما کے مقابلے میں آئندہ چند ماہ کورونا وائرس اور ہوا کے ذریعے پھیلنے اور نہ دکھائی دینے والے اس جیسے دیگر عوامل پر قابو پانا مزید مشکل ہوجائے گا کیونکہ گرمیوں میں کورونا وائرس اس تیزی سے نہیں پھیلا جس تیزی سے گزشتہ سردیوں میں پھیلا تھا یہی وجہ ہے کہ آئندہ سردیوں اور خزاں میں اس کا مقابلہ کرنا مزید مشکل ہو گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمیں آئندہ طویل عرصے تک اس وائرس کے ساتھ جینا ہے، اس کا پھیلاﺅ ابھی بھی خطرناک اور سنجیدہ ہے براہ مہربانی اسے ابھی بھی سنجیدہ ہی لیں اور اسی طرح حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جس طرح وبا کے آغاز میں حفاظتی اقدامات اپنائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے باعث ہر چیز متاثر ہوئی ہے اور اس وائرس کی موجودگی ہمیں بری طرح متاثر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے باعث حالات اور چیزیں ویسی نہیں رہیں جیسی اس سے پہلے تھیں اور کورونا وائرس کے بعد حالت معمول پر آنے میں طویل وقت لگ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ جرمنی میں جمعہ کو کورونا وائرس کے 1,571نئےکیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار 507 ہو گئی ہے۔