راولپنڈی (جنرل رپورٹر)سکول انفارمیشن سسٹم میں غلطیوں کی بھرمارسے اساتذہ کے اصل عہدوں اور کیڈر وائز تمام کٹیگریز کو گڈ مڈ کردیا گیا ہے ، سکول وائز متعدد تعلیمی اداروں کی خالی پوسٹوں اور 2020 میں ریٹائرمنٹ لینے والے اساتذہ کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود نہ صرف ان کے تبادلے کر دیے گئے بلکہ ایس آئی ایس پر انھیں ظاہر بھی نہیں کیا گیا جو کہ محکمانہ رولز اور قواعد وضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے ،توجہ طلب بات یہ ہے ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی جنرل کیڈرز کے اساتذہ اور ایجوکیٹرز اساتذہ کے اصل عہدوں (designations) میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے،علاوہ ازیں ایسے اساتذہ جو پہلے سے ہی اپنی موجودہ رہائش سے 20 سے 30 کلو میٹر دور سکولوں میں تعینات تھے انھیں مزید 10 سے 15 کلومیٹر دور ٹرانسفر کر دیا گیاہے،گزشتہ دو سالوں میں اپنے موجودہ سکولز میں ہی ان سروس پروموشن حاصل کرنے والے ایسے پی ایس ٹی،ای ایس ٹی اساتذہ، جن کو اگلے گریڈز میں ترقی دی گئی تھی ان کی سنیائرٹی کا تعین سکول سٹے پیریڈ کی بجائے موجودہ پرموٹ ہونے والے گریڈ سے شمار کیا جانا تھا جو نہیں کیاگیا ۔ان خیالات کااظہار پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ضلعی صدر محمد شفیق بھلوالیہ اور بی ٹی اے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ شاہد لطیف نے کیا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکول انفارمیشن سسٹم کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے اس میں ہونے والی غلطیوں کا ازالہ کرکے درست ڈیٹا ظاہر کیا جائے۔