وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

Sep 01, 2020 | 22:28

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منگل کو لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر وزیر اعظم بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذولفقار عباس بخاری، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راشد عزیز اور سینیئر سرکاری افسران شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ نے اجلاس کو منصوبے کی ٹائم لائنز، منصوبے میں بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی گہری دلچسپی، انفراسٹرکچر کے حوالے سے ریگولیشن اور تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی تکمیل میں اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی معیار، ماحول کے تحفظ، لاہور میں پانی کی کمی اور آبی آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزاءفروغ حاصل ہوا ہے۔ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور کے رہائشیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ منصوبہ ایک شاہکار ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور اس ضمن میں کسی بھی انتظامی رکاوٹ کو فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
 

مزیدخبریں