اسلام آباد (اے پی پی) بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر کرنال میں پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کے نتیجے میں ایک کسان کی موت نے بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں کا غم وغصہ مزید بڑھا دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ہریانہ کے وزیر اعلی اور بی جے پی کے رہنما منوہر لال کھتر کی طرف سے کسانوں کے خلاف پولیس کارروائی کے دفاع نے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ پنجاب میں مظاہرین نے بی جے پی کی زیر قیادت ہریانہ حکومت کے پتلے نذرآتش کئے ۔ پنجاب میں کانگریس پارٹی کے صدر نوجوت سنگھ سدھونے ایک بیان میں کسانوں کے خلاف پولیس کارروائی کو ہر بھارتی کے بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیا۔ کسانوں کی40 سے زائد یونینوں کے مشترکہ پلیٹ فارم سنیوکت کسان مورچہ نے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف اپنی جدوجہد کو تیزکرنے کے لئے 25 ستمبر کو بھارت بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ ماہرین نے مودی حکومت کی طرف سے نئی زرعی اصلاحات کو کسانوں کے لئے موت کا فرمان قرار دیا ہے۔
بھارتی کسان بدستور سراپا احتجاج: پنجاب میں بی جے پی لیڈروں کے پتلے نذر آتش
Sep 01, 2021