اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے محکمہ صحت‘ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور الیکشن کمشن کیلئے مجموعی طور پر 52 ارب روپے سے زائد کی گرانٹس کی منظوری دی ہے۔ تفصیل کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت صحت کو کرونا ویکسین اور آلات کی خریداری کے لیے 50 ارب سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ فنڈز ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فراہم کردہ 50 کروڑ ڈالر کی معاونت کا حصہ ہیں۔ خیال رہے قومی وزارت صحت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والے قرض کے تحت کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے حکومت سے 50 ارب 10 کروڑ روپے مانگے تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6 اگست کو معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت اے ڈی بی نے پاکستان کو کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے 50 کروڑ ڈالرکا قرض دینے کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے قرض کی منظوری کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھی بھیجی گئی تھی۔ اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے بھی ایک کروڑ ڈالرکی گرانٹ منظورکی گئی۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے لیے 21 کروڑ 50 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ فنڈز الیکشن کمیشن کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔پی آئی اے کی طرف سے ای سی سی سے درخواست کی گئی اسے نیشنل بینک آف پاکستان کے پاس دستیاب 10 ملین امریکی ڈالر استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ ای سی سی نے اس کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس رقم کے استعمال کی آڈٹ شدہ رپورٹ فورم کے سامنے پیش کی جائے۔