نئی دلی (صباح نیوز) بھارت میںکانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ملک کی تاریخ کے ایک سیاہ باب جلیانوالا باغ کی یادگار کی دوبارہ تعمیر پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے شہداء کی بے حرمتی قرار دیا ہے۔ راہول گاندھی نے ایک ٹویٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہیدوں کی ایسی بے حرمتی وہی کر سکتا ہے جو شہادت کا مطلب نہیں جانتا ہو۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک شہید کے بیٹے ہیں۔ شہیدوں کی بے عزتی کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وہ جنہوں نے آزادی کے لئے کوئی جدوجہد نہیں کی وہ کبھی نہیں سمجھ سکتے جنہوں نے ایسا کیا۔ نریندر مودی نے ہفتہ کے روز تجدید شدہ کمپلیکس کا افتتاح کیا تھا۔ اس پر سوشل میڈیا پر شدید رد عمل سامنے آیا اور لوگوں نے کہا مودی سرکار نے تاریخ کو تہس نہس کر دیا ہے۔ صارفین یہاں تک کہا کہ سیاستدانوں کو شاید ہی کبھی تاریخ کا احساس ہو۔
جلیانوالہ باغ یادگار کی دوبارہ تعمیر، مودی نے شہداء کی بے حرمتی کی: راہول گاندھی
Sep 01, 2021