اترپردیش‘ متھرا شہر میں گوشت‘ شراب کے کاروبار پر پابندی کا اعلان 

Sep 01, 2021

لکھنئو (صباح نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے معروف شہر متھرا میں گوشت اور شراب کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لکھنئو میں یہ اعلان کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ جو لوگ ان پیشوں سے وابستہ ہیں، انہیں دودھ دہی کا کاروبار کرنا چاہیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا، اس فیصلے سے متعلق افسران کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ اس پابندی کے نفاذ کے حوالے سے منصوبہ تیار کریں اور جو شہری اس پیشے سے وابستہ ہیں، انہیں بعض دوسرے کاروبار شروع کرنے کی رغبت دلانے کے لیے بات چیت کی جائے۔ مذہبی حوالے سے متھرا ہندؤوں کے لیے ایک مقدس شہر ہے۔ جہاں ہندو عقیدے کے مطابق بھگوان کرشن کا جنم ہوا تھا۔ حالانکہ متھرا اور ایودھیا جیسے تمام علاقوں میں مسلمانوں کی بھی اچھی خاصی آبادی ہے۔ تاہم پابندی کی وجہ سے ان علاقوں کے مسلمان شہری اپنے گھروں میں بھی گوشت نہیں کھا سکتے اور اس کے لیے انہیں کسی ایسے مقام پر جانا ہوتا ہے، جہاں گوشت پر پابندی نہ ہو۔ لکھنئو کے سینیئر صحافی الوک ترپاٹھی کہتے ہیں کہ ریاست اتر پردیش میں آئندہ چند ماہ میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی اسی تناظر میں ایسے اقدامات کر رہی ہے۔ جن سے عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کر کے اسے سیاسی فائدہ حاصل ہو سکے۔

مزیدخبریں