واشنگٹن (این این آئی) امریکا اور نیٹو افواج کے افغانستان سے واپس جانے کے بعد انخلاء کا مرحلہ بھی غیر متوقع طور پر 24 گھنٹے پہلے ہی مکمل کر لیا گیا۔ امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں کو ہنگامی طور پر افغانستان سے باہر نکالنے کے آپریشن میں سب سے اہم کردار امریکی ایئر فورس کا ہے۔ جبکہ دیگر 12 مختلف ممالک کی ایئر فورسز بھی یو ایس اے ایف کے شانہ بشانہ رہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن سمیت 27 سے زائد کمرشل فضائی کمپنیوں نے بھی اس مشن میں بھرپور کردار ادا کیا۔ افغانستان سے انخلاء کے لیے امریکی ایئر فورس، نیٹو، اقوامِ متحدہ، ترکش ایئر فورس، رائل ایئر فورس، اسپین ایئر فورس، اٹلی ایئر فورس، رائل نیوزی لینڈ ایئر فورس، رائل آسٹریلین ایئر فورس، قطر ایئر فورس، رائل سعودی ایئر فورس، بیلجیئم ایئر فورس اور دیگر فوجی اداروں نے انتہائی سرگرمی سے خدمات سر انجام دیں۔ افغانستان سے امریکی قیمتی جنگی ساز و سامان جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی منتقل کرنے کے لیے ایس اے سی ہیوی ایئر لفٹنگ ونگ بھی غیر معمولی طور پر سر گرم رہا۔