پٹرول ، ہائی سمیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 1.50روپے لٹر کمی

اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار+وقائع نگار) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے50 پیسے کمی کر دی ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول ایک روپے 50 پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 118روپے 30پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی ایک روپے 50پیسے فی لٹر سستا کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 115روپے 3پیسے فی لٹر ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل ایک روپے50 پیسے فی لٹر سستا کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کا تیل 86 روپے 80پیسے فی لٹر میں فروخت ہوگا۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل 84 روپے 77 پیسے فی لٹر کا ہوگیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق منگل اور بدھ کی درمیانی رات 12بجے سے ہوگا۔ اس سے پہلے پٹرول کی قیمت 119روپے 80 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116روپے 53 پیسے، مٹی کا تیل 88 روپے 30 پیسے اور لائٹ ڈیزل 85 روپے 77 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل جاری ہے اور مستقبل میں تیل کی قیمت میں اضافے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے اس کے باوجود حکومت نے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینے کے لیے تیل کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت اشیاء ضروریہ میں استحکام لانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے قیمتوں میں اضافے کا دبائو خود برداشت کر تی ہے تاکہ عام آدمی اس سے متاثر نہ ہو۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پیٹرولیم لیوی کو کم سے کم سطح پر رکھا گیا ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اثر اشیاء ضروریہ پر کم سے کم پڑے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...