غربت کا خاتمہ ، گلگت بلتستان حکومت اور پی پی اے ایف میں معا ہدہ 

Sep 01, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت گلگت بلتستان اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(پی پی اے ایف) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو)پر دستخط ہوئے  جس کی رو سے گلگت۔بلتستان کے دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کے حوالے سے اشتراک عمل کیا جائے گا۔گلگت بلتستان سیکرٹریٹ، اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریب کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری، حکومت گلگت۔بلتستان، سید ابرار حسین اور سی ای او، پی پی اے ایف، قاضی عظمت عیسیٰ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پی پی اے ایف کے گروپ ہیڈ برائے انسٹی ٹیوشنز اینڈ انٹگریشن، ارشاد خان عباسی، سینئر وزیر برائے پی اینڈ ڈی ڈی، فتح اللہ خان، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری عثمان احمد اور پی پی اے ایف کے بزنس ڈویلپمنٹ لیڈ، وقار عباس بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے  ایم او یو پر دستخطوں کو کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے لیے اہم پیشرفت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس اشتراک عمل کے نتیجے میں گلگت۔بلتستان، خصوصی کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکے گا۔ سی ای او، پی پی اے ایف، قاضی عظمت عیسیٰ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی پی ایف ملک کے دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے کے لیے سب کی شمولیت کے ساتھ کی جانے والی مربوط کاوشوں پر یقین رکھتا ہے ۔

مزیدخبریں