لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹوآفیسر عاطف رانا نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا مستقبل بہتر فنانشل ماڈل کیساتھ جڑا ہوا ہے، موجودہ فنانشل ماڈل کی وجہ سے فرنچائز کو مسلسل خسارے کا سامنا ہے، فرنچائز مالکان کو مالی نقصان سے بچانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ رمیز راجہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن رہے ہیں ان سے بہت توقعات ہیں، وہ ساری دنیا میں ہونیوالی کرکٹ لیگز کے ماڈل سے بخوبی واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ دنیا میں ٹی ٹونٹی لیگز کیسے کامیاب ہوئی ہیں، لیگز نے کس فنانشل ماڈل کیساتھ ترقی کا سفر طے کیا ہے۔ موجودہ ماڈل پہلے دن سے ہی ٹھیک نہیں تھا۔ فرنچائز مالکان کے مالی مفادات کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا گیا، نقصان برداشت کرتے ہوئے چھ سال ہو چکے ہیں کب تک نقصان برداشت کرتے رہیں گے۔ احسان مانی تین سال تک کوشش کرتے رہے لیکن ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکے وہ پاکستان سپر لیگ کو دنیا کی بہترین لیگ بنانا چاہتے تھے۔ ہر پاکستانی کی یہی خواہش ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ بنے لیکن اس کیلئے ہمیں بہتر فیصلے کرنا ہوں گے۔ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کے حقیقی مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ وہ خود بھی پاکستان کرکٹ کے معاملات پر تجزیہ کرتے رہے ہیں اب امید ہے کہ وہ بہتر اور بروقت فیصلے کریں گے۔ قلندرز نے موبائل ویکسی نیشن کا عمل شروع کر رکھا ہے اس کا مقصد شہریوں کو ویکسین لگانے اور کرونا سے بچاؤ کیلئے آگاہی کیلئے کام کرنا ہے تاکہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن تک ستر فیصد لاہوریوں کو ویکسین لگ چکی ہو اور ہم محفوظ ماحول میں بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کے سمر کیمپ میں کرکٹرز نے بھرپور انداز میں شرکت کی ہے۔ کرونا کی وجہ سے ہم پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام، ٹیلنٹ ہنٹ اور دیگر منصوبوں پر کام نہیں کر سکے، وومن کرکٹ کے اہم منصوبے بھی کرونا کی وجہ تاخیر کا شکار ہیں۔ اب سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کیساتھ مل کر وومن کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ سیالکوٹ میں دوسرا ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کر رہے ہیں کرونا کے حالات بہتر ہوں گے تو کام کی رفتار تیز ہو گی۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹرز قائم کریں گے۔
پی ایس ایل کی کامیابی کیلئے فنانشل ماڈل کو ٹھیک کرنا ہوگا: عاطف رانا
Sep 01, 2021