راولپنڈی(جنرل رپورٹر)مکئی کے کاشتکار فصل سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے ضرر رساں کیڑوں کا بروقت تدارک کریں،تنے کی سنڈی مکئی کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے، یہ تنے میں داخل ہو کر اس کی کونپل کو کاٹ دیتی ہے جس سے کونپل سوکھ جاتی ہے اور پیداوار میں کمی ہو جاتی ہے، محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق کونپل کی مکھی بھی مکئی کا نقصان دہ کیڑا ہے جس کا حملہ فصل کے اگنے سے ایک ماہ تک جاری رہتا ہے، اس کی مادہ چھوٹے اور نرم پودوں کے پتوں پر علیحدہ علیحدہ انڈے دیتی ہے جس سے دو تین دن میں بچے نکل آتے ہیں۔ بچے نرم پتوں میں سوراخ کر کے درمیانی حصے تک پہنچ جاتے ہیں اور ان کو چوستے ہیں، اس طرح پودوں کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور وہ کمزور ہو جاتے ہیں جس سے پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔ سست تیلہ کونپل کی مکھی کے فوراً بعد حملہ کرتا ہے اور شدید حملہ کی صورت میں فصل کو کافی نقصان پہنچاتا ہے، یہ پتوں کا رس چوستا ہے جس سے پتوں پر سفید نشان بن جاتے ہیں اور بعد میں آہستہ آہستہ پتے خشک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
تنے کی سنڈی مکئی کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے،محکمہ زراعت
Sep 01, 2021