پاک قازقستان مشترکہ فوجی مشق دوستریم تھری کی اختتامی تقریب پبی میں منعقد

پبی:  پاکستان اور قازقسان کی مشترکہ فوجی مشق دوستریم تھری کی اختتامی تقریب قومی انسدادِ دہشت گردی مرکز میں منعقد ہوئی جبکہ مشقوں میں اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک قازقستان مشترکہ فوجی مشق کی اختتامی تقریب قومی انسدادِ دہشت گردی مرکز پبی میں منعقد ہوئی۔ جس میں یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی، کمپاؤنڈ کلیرنس اور ہیلی کاپٹر سے رسی کے ذریعے اترنے کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاک قازقستان مشترکہ فوجی مشق دوستریم تھری کا مقصد دو طرفہ فوجی تعاون کو فروغ دینا، مستحکم بنانا اور وسعت دینا تھا۔ دونوں ممالک کی فورسز نے مشقوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔


خیال رہے کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا حصہ بنتا رہا ہے جس میں پاک فوج کے جوانوں کی کارکردگی بے مثال رہی جبکہ دو طرفہ عسکری تعاون کو وسعت اور فروغ حاصل ہوا۔ سعودی عرب اور بحرین مشترکہ مشقوں کا حصہ بن چکے ہیں۔ 
گزشتہ برس البدر4 کے عنوان سے  پاک بحرین مشترکہ فوجی مشقیں خیبر پختونخواہ میں واقع انسداد دہشتگردی مرکز پبی میں اختتام پذیر ہوگئیں جن میں دونوں ممالک کے فوجیوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے فروری 2020 کے بیان کے مطابق پاکستان اور بحرین کی مشترکہ فوجی مشقوں البدر 4 کا نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں انعقاد کیا گیا، پاکستان سپیشل سروسز گروپ نے مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔ مشترکہ مشقیں دو ہفتوں تک جاری رہیں۔

ای پیپر دی نیشن