اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، مخیر حضرات سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کریں، سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے متحد ہونا ہو گا، سیلاب کے کھڑے پانی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اتنے تواتر سے مون سون کی بارشیں کبھی نہیں ہوئیں، سیلاب سے ملک کو شدید نقصان ہوا ہے، ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا، پوری دنیا یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے لیکن اس حوالے سے بے جا تنقید نہیں کرنی چاہئے۔ عمران خان کی ٹیلی تھون اور فنڈز اکٹھے کرنا خوش آئند ہے، ہمیں خندہ پیشانی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، 1971 کے بعد اس وقت ملک کو نازک صورتحال کا سامنا ہے، ہم نے ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کئے، ان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں روڑے اٹکائے۔ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے باعث سنگین صورتحال کا سامنا ہے، دریائے سندھ میں سیلابی ریلوں سے مزید نقصان کا خطرہ ہے۔ شہباز شریف نے بڑا اقدام اٹھایا اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا، ہمیں پاکستان اور عوام کیلئے سوچنا چاہئے۔
عمران کی ٹیلی تھون، فنڈز اکٹھے کرنا خوش آئند: شیری رحمن
Sep 01, 2022