روس نے گیس پائپ  لائن پھر 3روز کیلئے بند کر دی: یورُ میں بحران کاخدشہ


ماسکو (بی بی سی) روس نے یورپ جانے والی اہم گیس پائپ لائن نارڈ سٹریم ون کو بند کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے مرمت کی ضرورت ہے۔ کمپنی گیزپروم کے ترجمان  نے کہا ہے کہ آئندہ تین روز تک نارڈ سٹریم ون پائپ لائن کے ذریعے گیس کی سپلائی روکی گئی ہے۔ روس نے پہلے ہی اس پائپ لائن کے ذریعے گیس کی برآمدات بڑے پیمانے پر کم کر رکھی ہیں۔ اس نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ یہ توانائی کی برآمدات کو مغربی ممالک کے خلاف جنگ کے ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔ نارڈ سٹریم ون پائپ لائن 1200 کلومیٹر طویل ہے۔ یہ سینٹ پیٹرز برگ کے قریب روسی ساحل سے شروع ہوکر بحیرۂ بالٹک میں سے گزرتے ہوئے شمال مشرقی جرمنی تک پھیلی ہوئی ہے۔ اسے 2011ء میں فعال کیا گیا۔ اس کے ذریعے روزانہ 17 کروڑ کیوبک میٹر گیس روس سے جرمنی بھیجی جا سکتی ہے۔ اس گیس پائپ لائن کو جولائی میں 10 روز کیلئے بند کیا گیا تھا۔ اس دوران بھی روس کا کہنا تھا کہ اسے مرمت کی ضرورت ہے۔ روس کے مطابق اس میں خراب سامان نصب ہونے کی وجہ سے یہ صرف 20 فیصد صلاحیت پر کام کر رہی ہے۔ جرمن نیٹ ورک ریگولیٹر کے صدر نے کہا اس کا مقابلہ کر سکتے ہیں اگر روس آئندہ دنوں میں ترسیل بحال کر دے۔ کلاس مولر نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ ہم اس سے نمٹ سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے روس سنیچر کو 20 فیصد صلاحیت پر واپس آئے گا‘ لیکن کوئی بھی حتمی طورپر نہیں کہہ سکتا۔ یورپی رہنمائوں کو ڈر ہے کہ روس اس بندش کو طویل کر سکتا ہے جس سے گیس کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ یورپ میں گیس بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن