بھاری رقوم بٹورنے والے ایجنٹوں کیخلاف انکوائری کی جائے: ساجد طوری 


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے سیکرٹری وزارت اورسیز پاکستانیز اور ڈی جی بیورو ایمگریشن اینڈ اورسیز ایمپلائمنٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یورپی ممالک، رومانیہ، پولینڈ و دیگر ممالک کو غیرقانونی طریقوں سے بھیجنے اور بھیجنے کا جھانسہ دیکر بھاری رقوم بٹورنے والے ایجنٹوں کیخلاف انکوائری کی جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی سفارشات ایف آئی اے کو بھجوائی جائیں۔مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں اور جعلی اشتہارات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے متعلقہ افسران کو پندرہ روز میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اگر بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کا کوئی افسر یا اہلکار اس گھنانے جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نوسرباز لوگوں سے جو بیورو آف ایمیگریشن کا نام استعمال کر کے عوام کو یورپ اور دیگر ممالک بھیجنے کا جھانسہ دیکر لوٹ رہے ہیں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے بیرون ملک جانے کے خواہشمندوں سے کہا کہ وہ کسی کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنا قیمتی وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں اور ایسے افراد کے خلاف وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ترقی انسانی وسائل کو بروقت آگاہ کریں۔

ای پیپر دی نیشن