پچھلے سات دن سندھ کے سیلاب زدگان کے درمیان گزارے: خرم دستگیر

Sep 01, 2022


 اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بجلی بحالی صورتحال پر وزیر توانائی کا بیان قائد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان  شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق پچھلے سات دن میں نے سندھ میں سیلاب زدگان کے درمیان گزارے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ پورے ملک میں سیلاب سے متاثر ہونے والے بجلی کے اسٹرکچر کو بحال کرکے صارفین کے لیے آسانی اور شہری علاقوں میں نکاسیِ آب کے لیے موٹروں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا کہ اللہ تعالی کے خاص کرم سے ہمیں اس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس وقت حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(حیسکو)کے زیر انتظام 13اضلاع میں تمام گِرڈاور فیڈرز چالو کر دیئے گئے ہیں۔ شہروں میں نکاسیِ آب کی موٹریں 24گھنٹے چل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے ٹرانسفارمروں کی بہت بڑی تعداد کو نقصان پہنچا تھاجس میں سے 65فیصد ٹرانسفارمروں کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ باقی ٹرانسفارمرز ان شا اللہ بہت جلد بحال کردیئے جائیں گے۔سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)کے زیر ِ انتظام 10اضلاع میں سوائے پانچ گِرڈ کے باقی تمام گِرڈ بحال کر دیئے گئے ہیں۔ سیپکو کے علاقے میں وسیع علاقہ زیرِ آب آنے کے باوجود 143فیڈرز بحال کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی فیڈرز بھی بھر پور کوشش سے بہت جلد بحال کردیئے جائیں گے۔ شمالی سندھ میں چونکہ ایک اور سیلابی ریلا متوقع ہے لہذا وہاں سیپکو کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سروس کے تعطل کو کم سے کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دو جنوبی اضلاع جعفرآباد اور نصیر آباد کے علاوہ بجلی کا نظام اپنی جگہ پر موجود ہے لیکن ٹرانسمیشن کے کھمبے سیلاب میں بہنے کے باعث بجلی پہنچانے میں رکاوٹ ہے۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی)، نیشنل ہائی وے(این ایچ اے)کے تعاون سے ان ترسیلی لائینوں کو بحال کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں دادو، خضدار 220کے وی لائن اور سبی مچھ لائن کی بحالی سے بلوچستان کے بہت بڑے علاقے کو بجلی کی ترسیل بہت جلد بحال ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں کوہستان سے لے کر چارسدہ اور چارسدہ سے سوات اور سوات سے ٹانک تک بجلی کی بحالی کیلئے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)کی ٹیمیں پوری تن دہی سے کوشاں ہے۔ان علاقوں میں تیز سیلابی ریلے کے باعث بجلی کی بہت سی تنصیبات بہہ گئی ہیں جن کی از سرِ نو تنصیب کی فوری کوشش جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پورے ملک میں جاکر سیلاب زدگان کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھا ہے اور وزارتِ توانائی اسی قومی جذبے کے تحت پاکستانیوں کی تکالیف دورکرنے کی سعی کر رہی ہے۔ پاکستانیوں سے دعا کی اپیل اور اللہ تعالی سے اسکی رحمت کی استدعا ہے کہ وہ وزارتِ توانائی کو سیلاب زدگان کی مدد میں کامیابی عطا کرے۔

مزیدخبریں