سعودی سفیرسے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال 

Sep 01, 2022


اسلام آباد (نا مہ نگار)سعودی سفارت خانہ اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی سے چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور/چیئرمین مجلس علما پاکستان مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد کی ملاقات جس میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاک سعودی دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر ساتھ دیا ہے،حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امیر محمد بن سلمان کا بڑی امداد کا اعلان پاک سعودی تعلقات اور محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے،قطر،امارات،ترکی اور دیگر ممالک کی طرف سے سیلاب زدگان کی مدد خوش آئند ہے، مولانا آزاد نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے،سعودی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مولانا آزاد نے کہا کہ اس دفعہ سعودی حکومت نے جو حج کے حوالے  مثالی انتظامات کیے تھے اس پر ہم سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انھوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے،سعودی عرب کا استحکام اور سلامتی پاکستان کا استحکام اور سلامتی ہے،آج ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے درمیان وحدت اور اتحادکو پیدا کریں اور ایک امہ بن کر دنیا کے سامنے آئیں،سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک جسم کی مانند ہیں اور ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے جس میں سیلاب کی جو صورت حال پیدا ہوئی ہے اس مشکل کی گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہے اور سعودی عرب کی طرف سے ہر طرح کا تعاون ہزاروں متاثرین سیلاب کے ساتھ کیا جائے گا،آخرمیں نواف بن سعید المالکی نے مولانا سیدمحمدعبدالخبیر آزاد کی ریت ہلال اور دنیا بھرمیں بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی اور اتحادو وحدت کے حوالے سے خدمات کو سراہا،اس موقع پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا۔ 

مزیدخبریں