ڈیری فارمرز کا مویشیوں کے غذائی اجزا ء کی برآمد پر پابندی کا مطالبہ

Sep 01, 2022


کراچی(کامرس رپورٹر)ڈیری فارمرز نے حالیہ سیلاب کے باعث لائیو اسٹاک کے شعبہ کی تباہی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مویشیوںکے چارہ میں استعمال ہونے والے اجزاء کی بر آمد پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی یشن پاکستان کی جانب سے اس ضمن میںوزیر اعظم شہباز شریف اور متعلقہ وزارتوں کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں،جن میںکہا گیا ہے کہ لمپی اسکن اور اب سیلاب کے نتیجہ میں ملک میںلائیو اسٹا ک کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے،سندھ اور بلوچستان میںلائیو اسٹاک کے شعبہ کی بری طرح تباہی کے باعث ملک میںدودھ اور گوشت کی قلت کا سنگین خدشہ ہے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان اپنے مویشیوں کی ضروریات کا 45 فیصد چارہ پیدا کرتا ہے اور فیکٹریوں میں اجناس کی پروسیسنگ کے بعد نکلنے والے تمام چھلکے گندم چوکر،مکئی،رائس پالش،رائس بران میل،بنولہ میل،کینولہ میل،بھوسہ،روڈ گراس،الفا الفا اور دیگر ضروری اجناس ملکی ضروریات پوری کئے بغیر بر آمد کی جارہی ہیں اور اس کے اثرات عام آدمی کی جیب پر آتے ہیں، ان اشیاء کے بر آمد ہونے کے بعد فارمرز مہنگے اجناس در آمد کرتے ہیں اور مہنگا دودھ،گوشت،مرغی اور انڈہ پیدا کرتے ہیں جو کہ ہر گھر کی ضرورت ہیں اور یہ مہنگی اشیائے ضروریہ عام آدمی کی جیب پر بوجھ بنتی ہیں ،غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اجناس کی پروسیسنگ کے بعد بچ جانے والے اجناس کے چھلکوں،رائس پالش،رائس بران میل،کینولہ میل،بنولہ میل،گندم چوکر،مکئی اور بھوسے کی بر آمد کو بند کردیا جائے تاکہ دودھ،گوشت،مرغی اور انڈہ قوت خرید میں رہ سکے بصورت دیگر ان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا جو اس سیلاب سے بڑا ہوگا۔

 وزارت غذائی تحفظ اس پر سفارشات تیار کرے اور وزارت تجارت ان ضروری اشیاء کی بر آمد پر فوری پابندی لگائے۔

مزیدخبریں