راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ملک بھر کے بنکوں میں تصحیح شدہ بلوں کا معاملہ حل نہ ہونے سے ڈاکخانوں میں صارفین کا رش بہت بڑھ گیا۔ بجلی کی آخری تاریخ کی وجہ سے تمام برانچز بالخصوص راولپنڈی جی پی او میں رات گئے تک لمبی قطاریں لگی رہیں، شہریوں کے بے انتہا رش کو دیکھتے ہوئے صرف شام کی شفٹ میں دیگر سروسز کانٹرز سے عملہ ہٹا کر بلز وصولی کے کاونٹرز پر لگا دیا گیا اور کاونٹرز کی تعداد دو سے بڑھا کر چار کر دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد تصحیح شدہ بل والوں کی تھی جو بنکس کی طرف سے بل جمع نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی جی پی او کی پہلی شفٹ سہ پہر تین بجے تک ساڑھے پانچ سو جبکہ شام کی شفٹ میں 800 سے زائد بل جمع کرائے گئے۔ رات 9 بجے کلوزنگ ٹائم میں جی پی او کے اندر بل جمع کرانے والوں کی بھیڑ موجود تھی جس پر عملے کو رش ختم کرنے کیلئے رات گیارہ بجے تک بلز جمع کرنا پڑے۔ جی پی او ملازمین کے ذرائع نے بتایا کہ عملہ کم ہے۔