سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اورسیز پاکستانی بھی متحرک 


لاہور(نیوزرپورٹر)ملک بھر میں آنے والے حالیہ سیلاب کی تباہ کاری سے متاثر ہونے والوں کی مدد اور بحالی کیلئے اورسیز پاکستانی بھی میدان عمل میں آ گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں 45سالہ پاکستانی نثراد امریکی شہری سلطان محمود وڑائچ بھی امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ ریزنگ پر متحرک کر رہے ہیں۔ سلطان محمود وڑائچ کا تعلق بنیادی طور پر پنجاب کے شہر سرگودھا سے ہے۔ وہ 20 سال سے امریکہ میں مقیم ہیں لیکن وقتا فوقتا پاکستان میں مشکل کا شکار ہونے والوں کی مدد کرتے رہتے ہیں۔ امریکا کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت ہونے کے ناطے ان کا شمار ان اورسیز پاکستانیوں میں ہوتا ہے جو اپنے وطن خطیر زر مبادلہ بھیجتے ہیں۔ حالیہ سیلاب  کے حوالے سے انکا کہنا ہے کہ  جب پاکستان میں سیلاب سے تباہی کے مناظر دیکھے تویقین نہیں آرہا تھا کہ چند دنوں میں ہی ملک کا تیسرا حصہ تباہی کا شکار ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دل دہلا دینے والی ویڈیوز اور تصاویر نے مجھ سمیت دیگر سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے پاکستانی بھائیوں کی امداد کیلئے باہر نکلنے پر مجبور کر دیا۔ میری لینڈ امریکہ میں مقیم پاکستانی سلطان محمود وڑائچ نے اپنے دوستوں اور حلقہ اثر کی مدد سے چند روز میں خطیر رقم جمع کی اور سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بھیجوا دی ہے اور یہ سلسلہ اس طرح جاری ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر تاحال پاکستانیوں کی مدد کیلئے بھرپور کاوشیں کر رہے ہیں۔ وہ عالمی فلاحی اداروں،پاکستانی کمیونٹی سمیت کاروباری شخصیات سے مدد کی اپیل بھی کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن