لاہور (سٹاف رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ پاکستان میں حال ہی میں آنے والے سیلاب کو ملکی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ اس سیلاب سے 15 فیصد ملکی آبادی متاثر ہوئی جبکہ ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تو وہیں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے۔ تباہ کن سیلاب کی اطلاعات سامنے آںے کے بعد مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے، جو پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں کارپوریٹ بریفنگ سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے فوری طور پر اعلان کیا کہ سوئی ناردرن گیس بنیادی ضروریات کے سامان کی تقسیم کے ذریعے متاثرین کی مدد اور ان سے تعاون کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی مینیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی کی ہدایات پر سوئی ناردرن گیس نے جنگی بنیادوں پر امدادی آپریشنز کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں تونسہ اور ڈیرہ غازی خان میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کیلئے خیمہ بستیاں قائم کی گئیں۔ تونسہ میں قائم خیمہ بستی میں 32 جبکہ ڈیرہ غازی خان میں قائم خیمہ بستی میں اس وقت 68 خاندان مقیم ہیں۔اس کے علاوہ راجن پور میں سوئی ناردرن کی جانب سے 100 خیمے بھی تقسیم کیے گئے۔
ایس این جی پی ایل نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پروگرام کا آغازکردیا
Sep 01, 2022