اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازت کے لیے ایک سے زائد عالمی ایجنسیوں نے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایجنسیوں نے زمینی راستے سے (واہگہ سے) بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازت مانگی ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے مزید کہا ہے کہ اس معاملے پر حکومت اپنے اتحادیوں اور اہم سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت سپلائی کی کمی کی بنیاد پر فوڈ آئٹمز منگوانے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔ مفتاح اسماعیل سے آل اخبار فروش فیڈریشن کے ایک نمائندہ وفد نے سیکرٹری جنرل ٹکا خان کی قیادت میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ نے ملک بھر میں سرکاری اداروں میں اخبارات کی بندش ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں آل اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان کی زیر قیادت وفد میں حاجی اقبال نون صدر کراچی، چوہدری محمد شریف صدر اسلام آباد، چوہدری مشتاق صدر لاہور، چوہدری نذیر کراچی سندھ، چوہدری اکبر ممبر اسلام آباد، ملک فیصل اشرف ممبر اسلام آباد بھی موجود تھے۔ وفد نے مفتاح اسماعیل کو اخبار فروشوں کے مسائل اور موجودہ درپیش صورتحال سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔جس پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کوآٹھ سے دس دنوں میں اخبار فروشوں کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔ مفتاح اسماعیل نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ ہم نے موجودہ سخت حالات میں بھرپور کوشش کی ہے کہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔ اخبار فروش برادری کا گھر گھر اطلاعات رسانی اور اخباری صنعت میں ایک اہم مقام ہے اور میں انشاء اللہ اخبار فروش برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ ملاقات کے آخر میں ٹکا خان نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت زری و مالیاتی استحکام اور افراط زر پر قابو پانے کی کوششیں کررہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں کوکا کولا آئسیک پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفدکی قیادت کوکاکولا کے جنرل منیجر احمد خورشید آرتین کررہے تھے۔ وفد نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدہ پر وزیر خزانہ کو مباکباد دی اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ وفد نے کوکا کولا آئسیک پاکستان کی آپریشنل نوعیت کی سرگرمیوں بارے بریفنگ بھی دی۔ علاوہ ازیں وفد نے وزیر خزانہ کو بعض اشیاء کی درآمدات کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی اور ٹیکس نمو میں کمپنی کے کردار کو سراہا۔
سرکاری اداروں میں اخبارات کی بندش ختم کراؤں گا : مفتاح اسماعیل
Sep 01, 2022