اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے بجلی مزید 4روپے 34پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ہے، منظوری جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی 4روپے 69پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے سے متعلق تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ فیصلے سے متعلق نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 7ارب 42کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، ایل این جی کی قلت سے 6ارب 93 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔ نیپرا حکام نے اضافے کی وجوہات سے متعلق مزید کہا کہ بلوکی، چائنہ پاور پلانٹ، ہلمور، سفاہر پاور پلانٹ کی جگہ مہنگے پلانٹس چلائے گئے۔ نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے کی درخواست سے 35پیسے کمی کی گئی ہے، یہ پیسے بھی گزشتہ ماہ کی مناسبت سے کافی کم ہیں۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 3روپے 63پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے، یہ کمی جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، کمی کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیپرا اتھارٹی تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ حکام کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ آر ایل این جی کے استعمال میں کمی کے باعث لاگت میں کمی ہوئی، جون کی نسبت جولائی میں بجلی کی طلب بھی کم ہوئی، حکام کے الیکٹر ک کے مطابق جون کی نسبت جولائی میں لوڈشیڈنگ میں 43فیصد کمی ہوئی۔
فیول ایڈجسٹمنٹ : جولائی کیلئے بجلی 4.34 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری
Sep 01, 2022