اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملے پر عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران اْس وقت دلچسپ صورتحال پیش آئی، جب عمران خان کے وکیل حامد خان نے فواد چوہدری کی گفتگو پر تبصرہ کیا، ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے بتایا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو معافی مانگنی چاہیے۔ اس پر حامد خان نے جواب دیا کہ ہمارا فواد چوہدری کے بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس شخص سے کسی اچھائی کی توقع بھی نہیں کی جا سکتی ہے۔ اپنے وکیل کے فواد چوہدری سے متعلق جواب پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہنسی چھوٹ گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، انہیں خود پتہ ہونا چاہیے کہ جو کہہ رہے ہیں وہ صحیح ہے یا غلط۔