عمران کو ڈھیل ، دوہرا نظام انصاف نا منظور : مریم نواز ، جنوبی پنجاب کا دورہ متاثرین کو امدادی 

Sep 01, 2022

 لاہور؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار)  پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ترازو سیدھا نہیں ہو سکا، دوہرا نظام انصاف نامنظور۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو فراہم کردہ ڈھیل اور سہولیات سے اور کچھ ثابت ہوتا ہے۔ نواز شریف اور مسلم لیگ ن سے ہونے والی ناانصافیاں اور زیادتیاں ایک بار پھر پوری قوم کے سامنے عیاں ہو گئیں۔ ترازو سیدھا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں توہین کی سزا جج زیبا صاحبہ کو ہونی چاہئے جنہوں نے انصاف کرکے عمران خان کی شان میں گستاخی کی تھی۔ دوہرا نظام انصاف نامنظور۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہن عدالت  کیس میں عمران خان کے عبوری جواب کو  غیر تسلی بخش قرار دیکر انہیں شوکاز نوٹس کا دوبارہ جواب جمع کرانے کا ایک اور موقع دے دیا ہے۔ مریم نواز نے ایک اور ٹویٹ پر دوہرا نظام انصاف کا ہیش ٹیگ بھی لکھا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف سیلاب سے جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں ڈی جی خان اور راجن پور کے دورے پر پہنچیں۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے ضلع راجن پور کے علاقے فاضل پور کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ مریم نواز سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملیں اور امداد بھی تقسیم کی۔ لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ راجن پور کے سیلاب متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہیں، گلی محلوں کا دورہ کیا۔ مسلم لیگ ن آپ کی خدمت میں کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو اپنے گھر چھوڑ کر خیموں میں آنا پڑا جس کا دکھ ہے، آپ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور تباہ ہونے والے گھروں کو بنائیں گے۔ نواز شریف نے مجھ سے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے پاس جاؤں۔

مزیدخبریں