خیبر پی کیلئے 10 ارب کا اعلان ، آخری فرد کی بحالی تک امدادی کاموں کی نگرانی کرونگا : شہباز شریف 

اسلام آباد‘ سوات‘ پشاور‘ لاہور (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پی کے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بحالی کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم این ڈی ایم اے اور خیبر پی کے حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کے لئے کام کریں گے، اتحادی حکومت آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرہ سے نکل گیا، اللہ کرے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، ہم پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لئے کوشاں ہیں، پھنسے ہوئے تمام سیاحوں کو آج جمعرات تک نکال لیں گے۔ کالام میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد سوات کانجو میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکالیں گے، مدین، بحرین، کالام میں دریا میں پانی چڑھنے سے تباہی ہوئی، کوئی شک نہیں کہ یہ قدرتی آفت ضرور تھی لیکن ناقص انسانی منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ نقصان ’’مین میڈ‘‘ ہے۔ ہوٹل دریائوں میں اور پانی میں غلط طور پر تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان صوبائی حکومت، مسلح افواج پاکستان، این ڈی ایم اے، منتخب نمائندے، انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر دن رات مدد کررہے ہیں۔ آرمی چیف اور ائیر چیف کے شکر گزار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات تک یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکال لیا جائے گا۔ میں صوبائی حکومتوں، پاک فوج اور این ڈی ایم اے و پی ڈی ایم اے کو شاباش دیتا ہوں جو متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت  28 ارب روپے این ڈی ایم اے اور بی آئی ایس پی کے ذریعے دے رہی ہے۔ سندھ و بلوچستان میں25 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے تقسیم جاری ہے۔ سندھ 15 ارب اور بلوچستان کے لئے 10 ارب روپے فراہم کئے ہیں، نقصان اس سے بھی زیادہ ہے، مزید رقم فراہم کریں گے۔ باقی صوبوں میں بھی رقم کی فراہمی شروع کررہے ہیں۔ ہمارے دوست بردار ملک بھی مدد فرہم کررہے ہیں، سربراہان مملکت اظہار یکجہتی کررہے ہیں اور انہوں نے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا ہے۔ ترکیہ، متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان بھیجا جارہا ہے۔ ترکیہ سے امدادی سامان لے کر ٹرین آرہی ہے۔ انہیں یقین دلایا ہے کہ یہ پیسہ شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیر، اپر کوہستان اور شانگلہ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ جلد کروں گا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کالام اور سوات کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے بات چیت بھی کی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا امدادی کاموں کی نگرانی بھی خودکروں گا۔ کانجو میں وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کو جلد بحال کیا جائے۔ کالام میں پھنسے سیاحوں کو فوری نکالا جائے۔ وزیر اعظم نے ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کی بحالی کا کام ایف ڈبلیو او کے حوالے کردیا۔ وہاں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لئے فوری ہیلی کاپٹر فراہم کرا دیا۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے پنجاب بھر کے ارکان اسمبلی کو آج جمعرات کے روز اسلام آباد طلب کر لیا۔ اجلاس میں سیلاب متاثرین کی امداد اور ان کی بحالی کے معاملات زیر غور آئیں گے، پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی ارکان اسمبلی تجاویز بھی دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کالام اور کوہستان کا بھی دورہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار ہمدردی کرنے پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے اظہار تشکر کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کا بہترین دوست ہے اور ہم کینیڈا کی حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر ان کے شکرگزار ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کے پیغام پر شکریہ ادا کیا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈسکوز کے چیف ایگزیکٹو اپنے شہروں میں موجود رہیں اور ان کے ناموں اور رابطہ نمبرز کے ساتھ عوام کی سہولت اور شکایت کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک بھر میں بجلی، سڑکوں اور مواصلاتی نظام پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے سے واپس اسلام آباد پہنچتے ہی  اجلاس طلب کیا۔ ایف ڈبلیو او اور متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک ہوئے‘ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر پاور انجینئر خرم دستگیر خان کو سیلاب سے متاثرہ ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی بحالی کے کام کی نگرانی کرنے کیلئے فوری طور پر خیبر پی کے پہنچنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاور ڈویژن25 اگست سے اب تک بجلی کے نظام کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ آج پیش کرے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ 48 گھنٹے میں بلوچستان کی تمام تر بجلی بحال کرنے اور ٹرانسمیشن لائن کی مرمت یقینی بنائی جائے۔ ٹرانسمیشن لائن کیلئے درکار تعمیراتی سامان مقامی سطح پر تیار کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کے باعث جانی و مانی نقصان پر اظہار تعزیت کرنے پر نریندر مودی کا شکرگزار ہوں۔ پاکستانی عوام قدرتی آفت کے منفی اثرات پر جلد قابو پا لیں گے۔ سوات سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سوات کے دورہ کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیراعظم کے ساتھ اس موقع پر ان کے مشیر امیر مقام اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...