سیلاب سے بلوچستان کا مواصلاتی نظام مفلوج ، بحالی کیلئے کوشاں ہین : پارلیمانی سیکرٹری 

Sep 01, 2022

کوئٹہ( این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں تباہ کن بارشوں اور سیلابی صورتحال نے مواصلاتی نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے سڑکوں ، گیس پائپ لائن آپٹیکل فائبر کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کردی ہے جس پر رابطہ کرکے ہنگامی مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوٹھ سردار بہرام خان بلیدی اور گرد و نواح کے دورے کے دوران کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے جانی نقصانات ناقابل تلافی جبکہ مالی نقصانات کا حجم ناقابل یقین حد تک بڑا ہے جن کا ازالہ صوبائی حکومت کے بس میں نہیں ابتدائی طور پر صوبے میں ریسکیو کا کام جاری ہے جس کے بعد بحالی کے لئے وسیع المدتی اور فوری نوعیت کے منصوبے تشکیل دئیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ آمد و رفت کے ذرائع متاثر ہونے کے باعث ریلیف سرگرمیوں میں شدید مشکلات درپیش ہیں دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے دستیاب محدود وسائل متاثرین کیلئے ناکافی ہیں جن میں متاثرین کی تعداد کے مطابق اضافے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے بعد غذائی ضروریات پوری کرنا دوسرا بڑا چیلنج ہوگا جس کیلئے قریبی ممالک سے اشیاء خورونوش منگوانے کا پلان تشکیل دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی امور میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرلآصف غفور کی کوششوں سے تمام متعلقہ وفاقی اداروں نے ایک ٹائم فریم دیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ ہفتے تک مواصلاتی رابطوں کی بحالی میں غیر معمولی پیش رفت ہوگی۔

مزیدخبریں