ایم این وی ڈرین اور منچھر جھیل کوکٹ نہیں دینگے : وزیراعلیٰ سندھ 

Sep 01, 2022


سیہون شریف (نامہ نگار)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ منچھر جھیل کو کوئی کٹ نہیں دیا جا رہا، سندھ میں کہیں پر بھی کٹ نہیں دیں گے، دادو شہر کو بھی بچائیں گے، ایسا نہیں کہ ایک ڈوبے ہیں تو دوسروں کو بھی ڈوبنے دیں۔سید مراد علی شاہ نے شہباز ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم این وی ڈرین کا خود معائنہ کیا ہے، پرانے انجینئرز کو بھی بلایا، اس وقت ہم پانی نکالنے اور ریسکیو کے کام کر رہے ہیں، آرمی، پاک نیوی اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔  وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ ریلیف کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورز کو ساڑے 3 لاکھ بیگز کا آرڈر دیا ہے، ابھی ایمرجنسی ختم نہیں ہوئی ہے، ہمیں ٹینٹ مل نہیں رہے ہیں، اگر کسی کو مل رہے ہیں تو ہمیں لیکر دے ہم انہیں پیسے دیں گے، کوشش ہوگی کہ ہر گھر راشن پہنچا سکیں۔ محکمہ صحت بیماریوں سے بچنے کیلئے اسپرے کر رہا ہے، متاثرہ لوگوں کی بحالی کا کام بعد میں کریں گے، اس میں لوگوں کے گھروں کی سروے کریں گے۔  سکھر میں تمام سفیروں سے مل کر انہیں بریفنگ دی، 2010ع کے بعد منچھر جھیل کے بند پر بہت کام ہوا ہے، اس وقت کسی دریاء  کے بند میں کمزوری نہیں ہے، بارش 8 گنا زیادہ ہوئی ہے۔   اس وقت سندھ کے 30 اضلاع متاثر ہوئے ہیں، میں نے ایم این وی ڈرین اور منچھر جھیل کا مکمل دورہ کیا ہے، ہمارے ارکان اسمبلی بندوں پر نگرانی کر رہے ہیں، ایم این وی ڈرین اور منچھر جھیل کو کوئی کٹ نہیں دیں گے، اللہ پاک رحم کرے آزمائش کم کرے، باقی ہم علاقے بچانے کی پوری کوشش کریں گے۔  بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کے افسران سے شہباز ائیرپورٹ پر اجلاس منعقد کیا۔  اجلاس میں وزیر آبپاشی جام خان شورو، سیکریٹری آبپاشی سہیل قریشی، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور دیگر افسران شریک ہوئے۔  اس موقع پر سیکریٹری آبپاشی سندھ نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حمل جھیل پر 3 فٹ پانی کم ہو اہے، آج سیلابی پانی ایف پی بند سے آگے منچھر کی طرف بہہ رہا ہے، 1500 کیوسک منچھر کا پانی دریا میں گر رہا ہے، دریائے سندھ کا پانی 15 ستمبر تک اترنا شروع کرے گا، جیسے ہی دریا  کا پانی اترے گا، منچھر سے پانی نکلتا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے کمال خان موری سے ایم این وی ڈرین کا معائنہ کیا، منچھر جھیل کے زیرو پوائنٹ اور منچھر جھیل کے پشتوں کا بھی معائنہ کیا اور آبپاشی افسران سے بریفنگ لی، جبکہ وزیراعلی سندھ نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے مسائل معلوم کیئے اور مکمل مدد کی  یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں