سیلاب پر قابو پانے اور پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بڑے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے:صدر مملکت

ڈیرہ غازی خان: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے میں دی جانے والی بریفنگ کے دوران سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت کو سیلاب زدہ علاقوں کے ملک گیر دورے کے دوران سیلاب کی صورتحال سے متعلق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ صدرِ مملکت نے ڈیرہ غازی خان میں 3 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلوں، قیمتی جانی و مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔بریفنگ کے دوران صدرِ مملکت نے ہزاروں عمارات کو پہنچنے والے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک بھر میں سیلاب پر قابو پانے اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کیلئے بڑے ڈیمز کی تعمیر ضروری ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کے نقصان کا جلد ازالہ کرنے کی ضرورت ہے۔ فصلوں کی انشورنس کرانے سے آفات کی وجہ سے کسانوں اور کاشتکاروں کے نقصانات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ کسانوں کو فصلوں کی انشورنس کرانے کی ترغیب دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور صحت کی ضروریات پوری کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 1100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جس سے ملک کو اربوں کا نقصان ہوا۔

ای پیپر دی نیشن