لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے 30 اور 31 اگست 2014 کی شب پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے اسلام آباد میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بول بالا کیلئے آواز اٹھائی اور اس وقت کے حکمرانوں کے ظلم و بربریت کا سامنا کیا۔ انصاف کیلئے جدوجہد کرنے والے کارکن ہمیشہ یاد رہیں گے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے پاکستان کے عوام کو یہ پیغام دیا کہ پرامن رہتے ہوئے بھی ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھائی جا سکتی ہے اور ظلم کرنے والے ہاتھوں کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔ 30 اور 31 اگست کی رات اسلام آباد میں انصاف کے بول بالا کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنان کی جرأت اور جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں اور جام شہادت نوش کر جانے والے عظیم کارکنان کی بلندی درجات کیلیء دعا گو ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مبارک باد کے مستحق ہیں کہ جنھوں نے اپنے کارکنوں کو ہر نازک سے نازک موقع پر قانون کے احترام کی تعلیم دی اور آج کے دن تک عوامی تحریک کا کوئی کارکن کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنا جو ماورائے قانون و اخلاق ہو۔