لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اس وقت معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔ قوم کے پاس کھانے کیلئے ایک وقت کی روٹی موجود نہیں ہے اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں میں زرا برابر کمی نہیں آرہی۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی بھٹی میں جونک دیا ہے۔ نگران وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کو 13 ارب روپے کے مفت تقسیم کی جانے والی بجلی فوری بند کی جائے۔ بجلی کی چوری پر قانون پاس کرکے فوری عملدرآمد کروانا چاہیے۔ بجلی کے بلوں میں 30 فیصد ٹیکس اور 70 فیصد حکومتی نااہلی شامل ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی کارکنان اور لاہور کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔