مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف مظاہرے، 8شہری گرفتار

Sep 01, 2023

جموں(کے پی آئی)  جموں میںقابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔جموں کے علاقوں تریکوٹہ نگر، نیو شانتی نگر اور رام گڑھ میں ہونے والے مظاہروں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت اور علاقے میں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے انکا جینا مشکل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بجلی کے سمارٹ میٹر نصب کر کے لوگوںکو مزید مشکلات کا شکار کر دیا گیا ہے۔انہوںنے سمارٹ میٹروں کی تنصیب فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔علاوہ ازیںمقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں بھارت مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے الزام میں آٹھ بے گناہ شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA)  ٹیم نے بھارتی فورسز کے ہمراہ    ڈوڈہ ضلع کے مختلف علاقوں سے ان افراد کر گرفتار کیا۔ایس آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ گرفتار افراد میں  عادل فاروق فریدی (جموں میں تعینات سرکاری ملازم ہیں)، محمد اقبال، مجاہد حسین، طارق حسین، اشتیاق احمد دیو، اعجاز احمد، جمیل احمد اور اشفاق احمد شامل ہیں۔ ان افراد کے خلاف  کورٹ کمپلیکس ڈوڈا) میں جموں کی ٹاڈا عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ایس آئی اے نے ان افراد کو ڈوڈہ ضلع کے مختلف تھانوں میں تقریبا تین دہائی قبل درج کیے گئے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا۔ ان پر بھارت مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام ہے۔

مزیدخبریں