کراچی (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو جدید ترین ایئرپورٹ سکیورٹی سکینرز فراہم کر دیئے گئے، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سکینرز حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ میں تقریباً 16 لاکھ پاکستانی بستے ہیں، یہ پاکستانی برطانوی معاشرے کا اہم حصہ ہیں، پاکستان کیساتھ ہمارا خاص تعلق ہے، ہر سال لاکھوں افراد پاکستان اور برطانیہ کا سفر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان افراد کی نقل و حرکت دونوں ممالک کے عوام میں مضبوط تعلق کی عکاس ہے، دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے کے لیے فضائی روابط بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔برطانیہ نے کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس کے لیے 6 کروڑ مالیت کے جدید سکینرز فراہم کیے ہیں، اس اقدام سے مسافروں کے سامان کی مناسب سکیننگ ہو سکے گی۔کراچی ایئرپورٹ پر سکیورٹی سکینرز حوالے کرنے پر خوشی محسوس ہوئی۔کراچی ایئرپورٹ پر جدید بیگیج سرچ مشین کی افتتاحی تقریب میں ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضیٰ، کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ، اے ایس ایف کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جدید مشین کی تنصیب سے برطانیہ جانے والی پروازوں کی اضافی سکیورٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی، جدید مشین کے ذریعے سامان کی سرچنگ کا عمل برق رفتار سے ہو گا۔سی اے اے حکام کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ مشین برطانیہ کی جانب سے سی اے اے کے حوالے کی گئی ۔کراچی کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر بھی اسی ٹیکنالوجی کی مشین نصب کی جائے گی، لاہور اور کراچی سے پی آئی اے پروازوں کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
برطانیہ نے لاہور، کراچی ایئر پورٹ کیلئے جدید سکیورٹی سکینرز فراہم کردیئے
Sep 01, 2023