صاجزادہ عتیق الرحمن
پیرس کے نواحی شہر گارج میں دو روزہ چوہدری جمشید وڑائچ میموریل والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ پاک گروپ فرانس نے آرگنائز کیا۔ اس دو روزہ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں جن میں یورپ بھر سے والی بال کے معروف پاکستانی کھلاڑی شریک تھے نے حصہ لیا۔ والی بال ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد تھے۔ مہمان خصوصی عاصم افتخار احمد اور ان کے ساتھ معروف کاروباری شخصیت سردار ظہور اقبال ، معروف صحافی سہیل وڑائچ ، اینکر سید علی رضا کا آرگنائزر ٹورنامنٹ صدر پاک گروپ فرانس چوہدری رخسار اور معززین کمیونٹی نے ہال میں پہنچنے پر زبردست استقبال کیا۔ سفیر پاکستان اور دیگر مہمانوں کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ مہمانوں نے فائینل میچ کو دلچسپی سے دیکھا، فرانس بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں شائقین گراؤنڈ میں موجود تھے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو زبردست داد پیش کی۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالا گیا اور نعرے بازی بھی کی۔ ٹورنامنٹ کا فائینل میچ پاک گروپ فرانس کلب اور گجر کلب میں ہؤا۔ سخت مقابلے کے بعد چوہدری رزاق ڈھل کے گجر کلب نے پاک گروپ فرانس کلب کو شکست دیکر فتح اپنے نام کی۔ سفیر پاکستان نے ٹورنامنٹ کی انتظامیہ پاک گروپ فرانس کی طرف سے جشن آزادی کی مناسبت سے بنوایا گیا خوبصورت کیک بھی کاٹا ، انتظامیہ ٹورنامنٹ نے معزز مہمانوں کو پاکستان بزنس فورم فرانس کی طرف سے شیلڈز بھی پیش کیں۔ سفیر پاکستان فرانس عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فرانس میں مختلف کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کا تصور فرانس میں بہتر ہو رہا ہے۔ سفیر پاکستان نے والی بال ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد، کھیل کے دوران بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے اور بہترین رویئے کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اس قسم کی تقریبات کے انعقاد سے فرانس میں پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کا تصور بہتر ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کی ٹیم پاک گروپ فرانس کلب اور گجر کلب نے فائینل کے لئے کوالیفائی کیا۔ فائینل میچ میں سخت مقابلے کے بعد گجر کلب نے پاک گروپ فرانس کلب کو شکست دیکر فتح اپنے نام کرلی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کی طرف سے وِنر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں اور ہزاروں یورو کے انعامات بھی دئے گئے۔ بہترین کھلاڑیوں کو بھی کپ اور کیش انعامات دئے گئے۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد اور فرانس کی معروف شخصیات نے پاک گروپ فرانس کے صدر چوہدری رْخسار مہندی اور ان کی ٹیم کو زبردست ٹورنامنٹ منعقد کرانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کمیونزتی راہنماؤں نے چوہدری رزاق ڈھل کی ٹیم گجر کلب کو فائینل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔فرانس کے معروف بزنس مین ، چئیرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال کی کمپنی شمع فوڈ انٹرنیشنل کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ منفرد اور پروقار تقریب پیرس کے تاریخی دریائے سین کی لہروں پر رواں دواں ایک بحری جہاز پر کی گئی۔ اس انوکھی اور شاندار تقریب میں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد ، معروف اینکر سہیل وڑائچ ، فرانس کی کاروباری شخصیات ، مختلف بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کے ذمہ داران اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات شامل تھیں ، مہمانوں کا استقبال پھولوں کے گلدستوں سے کیا گیا۔سردار ظہور اقبال نے سفیر پاکستان کا مہمانوں سے تعارف کرایا۔ دریائے سین کے کنارے خوبصورت مناظر، غروب ہوتے آفتاب کی کرنوں اور سورج کی کم روشنی میں ایفل ٹاور نے ایک دلکش انداز اختیار کر لیا تھا۔شمع گروپ کی جانب سے شاندار کارکردگی پر ان کے کلائنٹس میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں - بحری جہاز پر شمع انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ سردار ظہور اقبال نے کہا کہ میرے کاروبار کی کامیابی میں اللہ تعالیٰ کا کرم اور میری فیملی کا اہم ترین کردار ہے اور میں اپنی فیملی اور تمام کلائنٹس کا شکر گزار ہوں۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار نے کہا کہ فرانس کے ساتھ پاکستان کی تجارت دو ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ سردار ظہور جیسے بزنس مین ہمارا اثاثہ ہیں۔ سردار ظہور اقبال نے تمام معزز مہمانوں کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی لذیذ کھانوں سے کی گئی۔