سٹاک مارکیٹ کریش، ڈالر 323کی نئی بلندی پر، سونا 3400روپے تولہ مہنگا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملکی تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ اگست کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے اور ایک امریکی ڈالر ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوکر 305 روپے 54 پیسے کا ہو گیا  ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 50 پیسے مہنگا ہوکر 323 روپے کا ہے۔ دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3400 روپے اور 2915 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ اس کے نتیجے میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، پشاور میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 239800 رپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 205590 کی سطح پر آ گئی۔ روپے کی قدر  میں مزید کمی اور شرح سود بڑھنے کے خدشے کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج  گزشتہ روز کریش کر گئی۔ کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں مندے کا رجحان دیکھنے میں آیا اور  ایک موقع پر انڈیکس 1774 پوائنٹس کم ہو کر 44470 پر پہنچ گیا۔ آج کاروبار میں ساڑھے 3 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1242 پوائنٹس کی کمی کے بعد 45 ہزار 2 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہ اگست میں 100 انڈیکس کی گراوٹ 3032 پوائنٹس رہی۔ اگست میں 100 انڈیکس 4944 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، اگست میں انڈیکس کی بلند ترین سطح 49404 رہی اور کم ترین سطح 44459 رہی۔ اگست کے کاروبار کی مالیت 253 ارب روپے رہی۔ اگست میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 515 ارب روپے کم ہوئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن اگست کے اختتام پر 6715 ارب  روپے ہے۔

ای پیپر دی نیشن