اسلام آباد،لاہور (خبرنگارخصوصی،نمائندہ خصوصی،نوائے وقت رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فوجی قافلہ ضلع بنوں میں جانی خیل کے شہری علاقے میں تھا کہ موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود اڑا لیا۔ خود کش حملے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 جوانون نے جام شہادت نوش کیا اور 5 زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے خیبرپختونخوا بنوں ڈویژن میں بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائی میں 9 بہادر سپاہیوں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔جبکہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور شہید سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔مٹھی بھر دہشت گرد عظیم قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ سابق صدرر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں فوج کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت کی سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے کہا کہ وطن کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی فوجی جوانوں پر خود کش حملہ کرنے والوں کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے انھوں نے شہید جوانوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا