لاہور ( این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر وسابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے باہر جانے کی ڈیل کا مجھے علم نہیں تاہم کسی پر کیس ہے تو وہ چلنا چاہیے، میرٹ اور قانون کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے، کراچی میں مردم شماری سے سیٹیں بڑھیں گی جس کا فائدہ ایم کیو ایم پاکستان کو پہنچ سکتا ہے، نگران حکومت قابل لوگوں پر مشتمل ہے امید ہے مشکل گھڑی میں قوم کو ریلیف دیں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی خوش قسمتی ہے کہ سب کا مردم شماری پر اتفاق رائے ہوا، سب کو معلوم تھا کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ہونی ہیں، سیاسی طور پر اگر اب کسی کو کوئی اور نعرہ زیادہ مناسب لگتا ہے تو لگائیں۔ایم کیو ایم کو مردم شماری سے متعلق گلہ تھا شاید فائدہ بھی ان ہی کو پہنچ رہا ہے جبکہ کراچی میں سیٹیں بڑھیں گی جس کا پیپلز پارٹی کو نقصان کا احتمال ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حلقہ بندیوں سے کچھ لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے، جن کو فائدہ پہنچ رہا ہے وہ چاہتے ہیں حلقہ بندیاں ہوں اور جن کو نقصان ہے وہ چاہتے ہیں ابھی نہ ہوں، آئین اور قانون کا تقاضا ہے کہ مردم شماری کی منظوری کے بعد اب حلقہ بندی ہونی چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے کہا کہ قوم کو علم ہے کہ ہم نے بڑی کوشش کی یہ معاہدہ تاخیر کا شکار بھی ہوا، آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی کیے، تقاضا بھی کیا اور ان کی منتیں بھی کیں، آئی ایم ایف سے تقاضا اور منتیں کرتے رہے کہ شرائط کو نرم کریں، معاہدہ ہو چکا تھا وہ کہتے تھے کہ ہمیں غرض نہیں کہ اس وقت وزیراعظم کا کیا نام تھا اور اب کیا ہے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بڑی مجبوری کی حالت میں ہمیں معاہدے کی شرائط کی توثیق کرنا پڑی، معاہدے کی شرائط کی توثیق نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، ہم نے ملک کو بہت بڑے خطرے سے بچایا ہے، اب تکلیف ہے تنگی ہے نگران حکومت سے کہا ہے کہ بجلی بل کو اقساط میں کیا جائے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت سے کہا کہ سردیوں میں بجلی کے بل کم ہو جائیں گے لہٰذا ابھی بل کی قسطیں کی جائیں، جس کا 15ہزار کا بل ہے وہ ابھی 15نہیں دے سکتا 5ہزار تو دے سکتا ہے، نگران حکومت قابل لوگوں پر مشتمل ہے امید ہے مشکل گھڑی میں قوم کو ریلیف دیں گے۔
عمران کے باہر جانے کی ڈیل کا علم نہیں، مردم شماری کا متحدہ کو فائدہ ہوسکتا ہے: رانا ثنا
Sep 01, 2023