لاہور (نامہ نگار) چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے لاری اڈہ اکے علاقے میں مرتضیٰ کے امپورٹ ایکسپورٹ کے دفتر میں گھس کر اسلحہ کے زور پرایک کروڑ 2لاکھ لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔ شمالی چھاؤنی چوروں نے حساس ادارے کے افسر کی والدہ طاہرہ سلطانہ کے گھر کے تالے توڑ کر 58لاکھ 70ہزارکے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان،، سندر میں عبدالغفار کی فیکٹری کے تالے توڑ کر 25لاکھ کا سامان، چوہنگ میں نوید کے وئیر ہاؤس کے تالے توڑ کر 14لاکھ 50ہزار روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ ڈاکو نشتر کالونی میں مظہر کی موبائل فون شاپ سے ایک لاکھ 85ہزار کے موبائل فون اور اسسریز، مغلپورہ میں عمر کی کورئیر فرنچائز سے 33ہزار، اقبال ٹاؤن میں عاقب سے 32ہزار، جنوبی چھاؤنی میں نیاز سے ایک لاکھ 80ہزار، گرین ٹائون میں امتیاز سے 50ہزار اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ چوروں نے مانگا منڈی، سندر، ہنجروال اور ڈیفنس سے 4کاریں جبکہ نیوانارکلی، رنگ محل، شاہدرہ، جنوبی چھاؤنی، ماڈل ٹاون، چوہنگ، ساندہ، گارڈن ٹاؤن اور مصری شاہ سے 9 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔